خواتین کا بین الاقوامی دن

گزشتہ ہفتے آٹھ مارچ کو خواتین کا بین الاقوامی دن منایا گیا۔ سب سے پہلے تو میں پاکستان کی ان ماؤں بہنوں بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو کہ خواتین کی نمائندگی کے لئے اپنا کام کاج چھوڑ کر سڑکوں پر آئیں اور ریلی نکالی۔ جنھیں سوشل میڈیا پر “ماڈرن لڑکیاں” یا “لبرل آنٹیاں” کہہ کر مذاق اڑایا گیا، ان میں سے زیادہ تر جاب یا بزنس کرتی ہیں اور ویک ڈے پر کام یا تعلیم چھوڑ کر آنا عام بات نہیں۔ جس معاشرے میں مڈل یا لوئر مڈل کلاس کی خواتین کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں، اس میں ان بہادر خواتین نے ایک مثال قائم کی ہے۔

موٹیویشن یعنی جذبے کے بعد بات پہلے آتی ہے جو کہ واضح طور پر نظر آرہا ہے اور اس کے بعد آتا ہے ایکوریسی یعنی مناسب طریقے سے کام کو سرانجام دینا۔ یقیناً یہ ریلی اس سے بہتر ، مناسب اور موثر ہوسکتی تھی لیکن آپ بتائیں کہ دنیا میں ایسا کونسا پہلا کام ہے جو پر فیکٹ ہوتا ہے۔ ہم ڈاکٹروں کو پہلے پہل اسٹیٹھوسکوپ پکڑنا تک نہیں آنا، آئی ٹی کا ایکسپرٹ شروع میں کی بورڈ پر اے بی سی ڈھونڈ رہا ہوتا ہے تو ریلی بھی آہستہ آہستہ بہتر ہوجائے گی؛ اہم بات ہے خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا اور تنقید کرنی ہو تو مثبت ہو۔

ریلی میں جو مسائل پلے کارڈز اور بینرز پر نمایاں تھے وہ بولڈ تھے لیکن بڑی حد تک درست؛ ہم مردوں کو یہ دیکھنے سننے کی عادت نہیں اس لئے شاکنگ لگے۔ اگر خواتین، مردوں کی کسی بات یا عادت سے پریشانی محسوس کرتی ہیں تو اس کے اظہار میں برائی نہیں۔ گناہ اور ثواب کا تعلق اوپر والے کی ذات ہے لیکن کسی بھی خاتون کو آزادی حاصل ہے کہ جس سے چاہے بات کرے جسے چاہے نظرانداز کرے۔ “میرا جسم میری مرضی” کے قانون کا مذاق کسی کی بہن یا بیٹی کا سوچ کر اڑایا جاتا ہے لیکن کیا ہم نہیں چاہیں گے کہ یہی اصول ہماری بہن بیٹی کو بھی تحفظ دے۔ شادی کے بعد بھی یہی اصول اس لئے اہم ہے کہ خاتون کو “مال غنیمت” نہ سمجھ لیا جائے اور اپنا اپنا حق ادا کیا جائے۔ انگریزوں کی محض پورن فلموں کی کاپی کرنے والوں کو یہ پتا ہونا چاہئیے کہ ویلنٹائین ڈے کا بھی یہی مقصد ہے۔ خیر سے اپنے پاکستانی صرف محبوبہ کے ساتھ وقت گزارنے کو ویلنٹائین ڈے کہتے ہیں جبکہ انگریز اپنی بیوی کا دل بھی جیتتے ہیں کیونکہ یہاں شادی کے بعد بھی “میرا جسم میری مرضی” کا قانون عملی طور پر نافذ ہے۔ اگر کوئی لڑکی ایک لڑکے کو گھاس نہ ڈالے اور دوسرے کو پسند کرے تو پہلا بڑے مطمئن انداز میں اسے “بدکردار”قرار دے دیتا ہے۔ اگر “بدکرداری” کا یہی معیار ہے تو دونوں صورتوں میں وہ “بدکردار” ہوتی تو کیا اچھا نہیں کہ اپنی مرضی کے شخص کے ساتھ بدکردار بنے؟

ایک بات جس پر شاید غیر ارادی طور پر دھیان نہیں دیا گیا کہ خواتین کے حق میں نکالی گئی ریلی، “مردوں کے خلاف تحریک” کے طور پر ابھر کر آئی۔ اس میں پروایکٹیویٹی کی ضرورت ہے۔ اصل مقصد عورت کی بہتری ہو نہ کہ مرد سے جنگ۔ ہمارے ہاں لڑکی کی شادی کی عمر بیس سال سے پچیس کے درمیان ہوتی ہے۔ اس سے چھوٹی کو بچی اور بڑی کو “پکی عمر کی لڑکی” کہہ کر دل توڑا جاتا ہے۔ ایک مڈل کلاس (غریب کی تو بات ہی نہ کریں) کے لئے بھی بیٹیوں کا جہیز محال ہے۔ شادی تو چھوڑیں، رشتے دیکھنے آنے والے اور ہزاروں کے کھانے کھا کر نخوت سے “ناں”کر جانے والے ہی بیٹی والوں کی جیب کو خالی کرنے کے لئے کافی ہیں۔ “چاند سا چہرہ” اور “دودھ سی رنگت” والی بہو ڈھونڈنے والی ساسیں “عورتیں” ہی ہوتی ہیں۔ کبھی کسی سسر کو ان “خوبیوں” کی غیر موجودگی کی وجہ سے رشتہ ٹھکراتے دیکھا ہے؟ اسّی کی دھائی تک بڑے بزرگ بات کرتے کرتے رشتہ طے کردیتے جب پتا چلتا کہ ہم عمر لڑکی یا لڑکا دونوں گھروں میں موجود ہیں لیکن نوے کی دھائی میں جب سے انڈین ڈرامے ہمارا حصہ بنے اور خواتین نے گھر کا چارج سنبھالا تو خواتین پر ہی ظلم کیا۔ کاش کہ کوئی بینر ایسا ہوتا جس پر لکھا ہوتا کہ “میں بیٹے کا رشتہ دیکھنے جاؤں گی تو دعوت میری طرف سے ہوگی” یا “میں بیٹے کے لئے جہیز نہیں لوں گی” یا یہ کہ “ضروری نہیں کہ بیٹا لاکھوں کما رہا ہے تو بہو بھی کروڑ پتی خاندان کی ہو” یا یہ کہ “ بیٹا پینتیس کا ہے تو بہو بھی پینتیس کی ہو سکتی ہے”۔ “میرا بیٹا طلاق یافتہ ہے تو شادی بھی طلاق یافتہ یا بیوہ سے کرسکتا ہے” یہ ہیں مسائل ان خواتین کے جو سڑکوں پر نہیں آسکیں۔

امید ہے کہ یہ ریلی، یہ سوچ، یہ جستجو معاشرے میں مثبت تبدیلی لائے گی۔ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کا اس میں شامل ہونا ضروری ہے۔ بہتری کے لئے کسی بھی عمل کا جاری و ساری رہنا ضروری ہے اور ہر تحریک ارتقائی مراحل سے گزر کر مضبوط تر ہوتی ہے۔ طاقتور عورت سے صرف کمزور مرد ڈرتا ہے ورنہ طاقتور ماں، باپ کو سہارا اور سکون دیتی ہے۔

کالم نگار: راؤ کامران علی، ایم ڈی
ہر بدھ وار کو کالم لکھا جاتا ہے۔ اگر پسند آئے تو شئیر کریں۔ مزید کالم پڑھنے کے لئے اس پیج Tez Hay Nok e Qalam کو like کریں شُکریہ-

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *