علی ظفر کو پہلی بار ٹی وی کے ایک کمرشل میں سیکھا تھا جس میں وہ ہاتھ میں کھلونا جہاز پکڑ کر اڑاتے ہوئے پائیلٹ بن گیا تھا؛ جاذب نظر، پہلی نظر میں ہی اچھا لگا ورنہ آج کل کے ماڈل سکس پیکس یا سائز زیرو کے چکر میں ایسے پچکے منہ کے نظر آتے ہیں کہ ہفت روزہ اخبار کے پچھلے صفحوں میں پچکے گال بھرنے کے نسخے کی تشہیر کی وجہ تسمیہ سمجھ میں آجاتی ہے۔ پھر علی ظفر کے ہاتھ لگ گیا گانا “چھنو”، جو کہ ہٹ ہوا تھا شاعری اور کمپوزیشن کی وجہ سے لیکن اسکے ساتھ اسکی بے سُری آواز بھی ہٹ ہوگئی۔ علی صاحب خود ہی ہر شو سے پہلے فرماتے تھے کہ “لوگ کہتے ہیں میری آواز کشور کمار جیسی ہے”؛ شُکر ہے راقم نے کبھی کسی کو ایسا کہتے ہوئے نہیں سُنا ورنہ بات گالی گلوچ سے لیکر ہاتھا پائی تک پہنچ سکتی تھی۔ لیکن جس مُلک میں “کھوتے کا گوشت” بک سکتا ہے، وہاں علی ظفر کی آواز بھی بِک گئی۔
جولائی 2013 میں “اپنا” کا سالانہ کنونشن اورلینڈو ،فلوریڈا میں تھا جس میں پورے امریکہ سے پاکستانی ڈاکٹرز بمعہ اہل وعیال اکھٹے ہوتے ہیں۔ جمعرات کو امجد صابری (مرحوم) نے ایسا جادو جگایا کہ بڑے ہال میں کھڑے ہونے کی جگہ نہیں تھی؛ سینئر ڈاکٹرز نے کرسیوں پر قبضہ کرلیا تو ہم جونئیر “چونکڑی مار کے” امجد صابری کے عین سامنے بیٹھ گئے اور اسکی بذلہ سنجی سے لطف اندوز ہوئے! جمعہ کو شو سندھی چوہان کا تھا؛ کیا غضب کی پرفارمنس تھی؛ اسکی آواز اور ساتھ ڈانس، بے پناہ انرجی اور شائقین کو ساتھ لیکر چلنا؛ کرسیاں خالی ہوگئیں اور ہر بندہ جھومنے اور ناچنے پر مجبور ہوگیا۔ ٹکٹ کے پیسے حلال کردئیے اس پروفیشنل خاتون نے۔ پھر آتا ہے ہفتے کا مین بینکوئٹ؛ سوٹ اور ٹکسیڈو میں ملبوس امریکہ کے دور دراز سے آئے ڈاکٹرز، سفیر ، سینیٹرز، “کی نوٹ” اسپیکر کی موجودگی اور اپنے پاکستانی احباب کی “حب الوطنی” کے اصرار پر، اتنا اہم ایونٹ، مکرمی محترمی علی ظفر کو دے دیا گیا۔ سرکار دیر سے اسٹیج پر تشریف لائے اور نشے میں ٹُن تھے، آتے ہی فرنٹ رو میں بیٹھی ماضی کی بہترین اداکارہ اور موجودہ طور پر ایک نامور ڈاکٹر کی اہلیہ سے مخاطب ہوکر مائک پر فرمایا ،”آپ تو پہلے سے بھی زیادہ حسین ہوگئی ہیں”! یہ تعریف عام ہوش حواس اور سلیقے سے کی جاتی تو یقیناً اچھی لگتی لیکن اس ماحول اور اسکے اپنے ٹُن حال کے باعث عامیانہ لگی۔ پھر وہ اپنی بےسُری آواز میں شروع ہوگیا اور جب بند ہوا تو ہر کسی کی سانس میں سانس آئی! خیر سے چھ سال ہونے کو آئے اور آج تک علی ظفر کو دوبارہ “اپنا” اور چیپٹرز کے سال میں ہونے والے بیس پچیس شوز میں سے کبھی کسی میں بھی نہیں بلایا گیا۔ حالانکہ راحت فتح، عاطف اسلم، ہرسال آتے ہیں جبکہ علی حیدر اور رفاقت علی خان تو رہتے ہی یہاں ہیں۔تاہم اداکاری کے میدان میں علی ظفر نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور نہ صرف انڈیا بلکہ پاکستان میں بھی انڈسٹری کو فروغ دیا۔
اب سوشل میڈیا کے “انُوسار”اس کا نام میشا شفیع کو ہراساں کرنے بلکہ molest کرنے کے الزام میں آرہا ہے۔ اس کہانی کے تین پہلو ہوسکتے ہیں
۱- علی ظفر نے واقعی ایسا کیا ہے
۲- میشا شفیع جھوٹا الزام لگا رہی ہے
۳-ہوسکتا ہے کہ بات کوئی اور ہو اور بتائی کچھ اور جارہی ہو یا بڑھا چڑھا کر الزام لگایا جارہا ہو۔
علی ظفر اپنی زندگی کے بیسٹ فیز سے گزر رہا تھا جب یہ واقعہ ہوا؛ عالیہ بھٹ سے لیکر کترینہ کیف؛ شاہ رخ خان سے لیکر رنویر سنگھ اسکے کو اسٹارز تھے تو اسے ایسا کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ جب پیسہ اور شہرت ہو تو بہت سی لڑکیاں فدا ہوجاتی ہیں اور علی ظفر کا بھی سر عیاشی کی کڑاہی میں تھا۔ اسکا ایک قریبی دوست راقم کا دوست ہے تو ڈیفنس فیز سکس میں اسکے نو تعمیر گھر کی پارٹیوں کا احوال پتا چلتا رہتا ہے۔ لیکن یہ سب بالغ فریقین کی باہمی رضامندی سے ہوتا ہے تو ظاہر ہے کسی کو کیا اعتراض! سوال وہی کہ یہ ہراسیت کا واقعہ کیونکر پیش آیا؟ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ بولڈ میشا شفیع نے باتوں ہی باتوں میں علی کے ساتھ فلرٹ یا مذاق کیا ہو اور آدمی ایسے موقع پر حدکراس کر جاتے ہیں اور علی ظفر کیساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہو۔ امریکہ میں بھی اکثر دیکھنے میں آیا ہو کہ ساتھ کام کرنے والے لڑکا لڑکی مذاق میں فزیکل چھیڑ چھاڑ کرتے ہیں اور اگر ان بن ہوجائے تو لڑکی اسی چھیڑ چھاڑ کی شکایت “ہراسیت”کے طور پر کرتی ہے اسلئے سمجھدار لوگ کبھی، بالخصوص کام پر بیہودہ مذاق نہیں کرتے۔
میشا شفیع، صحافی حمید اختر مرحوم کی پوتی اور صبا حمید کی بیٹی ہے تو اتنی گری پڑی نہیں کہ بغیر کسی وجہ کے ایسے ہی الزام لگا دے۔ کچھ تو ہوا ہے جس نے اسکا بھرا گلاس چھلکا دیا۔ اب دونوں فریقین گواہ پیش کررہے ہیں لیکن فرض کریں کہ اگر کوئی گواہ نہ ہوتا؟ سیٹ کے آس پاس دونوں تنہا ہوتے اور ایسا ہی الزام لگتا تو کون جیتتا؟ گواہ کی غیر موجودگی میں کوئی کیسے دست درازی ثابت کرسکتا ہے جبکہ اسکا کوئی ثبوت ہی نہیں؟ یہی وجہ بہت سی خواتین کو پولیس رپورٹ درج کروانے سے روکتی ہیں۔ لیکن اسکے ساتھ ساتھ یہ الزام تراشی چند جھوٹی عورتوں کو طاقت بھی دے دیتی ہیں۔ اکثر سوشل میڈیا پر ایسی خبریں آتی ہیں کہ ظالم گھریلو مالکان نے گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنایا لیکن ہزاروں ایسے کیسز ہیں جن میں ملازمائیں باقاعدہ چوری کرتی ہیں لیکن مالک مکان پولیس تک میں رپورٹ نہیں کرواتے کہ دست درازی یا جنسی ہراسیت کا جھوٹا الزام لگا دیں گی۔ یہ الزام ہے بھی ایسا کہ ایک بار لگا کر سکون سے لگا کر بے شرم ہوکر بیٹھ جاؤ اور جس پر الزام لگا وہ قسمیں دیتا پھرے، یا پھر ٹی وی پر روتا پھرے۔
جنسی ہراسیت اور اسکا الزام دو دھاری تلوار کی طرح ہیں۔ سوشل میڈیا کے آنے کے بعد آدمی اور عورت کی عزت یا بے عزتی میں زیادہ فرق نہیں رہ گیا۔ نانا پاٹیکر کو ایک الزام پر ہر فلم کی شوٹنگ سے نکال دیا گیا؛ اگر عمران خان آج کرکٹ ٹیم میں ہوتا اور عائشہ گلالئ یہی الزام لگاتی تو وہ ورلڈ کپ ٹیم سے ڈراپ ہوجاتا یا باقی ٹیمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیتیں۔ یہی حال غالباً علی ظفر کا ہے۔ میشا شفیع کو انصاف ملنا چاہیے لیکن اگر کوئی جھوٹا الزام لگائے تو اسکی سزا بھی سخت ہونی چاہئیے ورنہ “شیر آیا شیر آیا” کے مصداق؛ سیلیبریٹی کے انتقامی یا حاسدانہ الزامات کی گرد میں ایک عام لڑکی کے ساتھ زیادتی یا دست درازی بھی مشکوک ہوجائے گی اور یہ عورت ذات پر ایک بڑا ظلم اور ناانصافی ہوگی۔
کالم نگار: راؤ کامران علی، ایم ڈی
ہر بدھ وار کو کالم لکھا جاتا ہے۔ اگر پسند آئے تو شئیر کریں۔ مزید کالم پڑھنے کے لئے اس پیج Tez Hay Nok e Qalam کو like کریں شُکریہ-